تسخیر مؤکل سلام قولامن رب رحیم

تحریر:عامل ملازم حسین (اسلام آباد)۔

عمل مبارک یہ ہے:
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
سَلٰمٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِیْمٍ
ترکیب:چاند کی گیارہویں تاریخ کو بعداز نماز عشاء اس عمل مبارک کو گیارہ صد (۱۱۰۰) مرتبہ اکتالیس(۴۱) روز تک پڑھیں۔اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف بھی پڑھیں۔ عمل شروع کرنے سے قبل اپنے گرد مضبوط حصار کرلیں۔ پہلے روز جس کمرے میں عمل شروع کیا جائے۔ آخردن تک اسی جگہ تمام کرے اور ناغہ نہ کرے۔ وقت کی مکمل طور پر پابندی کرے۔ جس کمرے میں عمل شروع کریں وہ بالکل علیحدہ ہوناچاہئے، کمرے میں کوئی شے حرکت کرنے والی نہ ہو۔ کیونکہ اس سے عامل کے خیالات منتشر ہونے کا ڈر ہوتاہے۔ پہلے چند روز تو خیریت سے گزر جائیں گے۔ لیکن اس کے بعد عامل کو دوران عمل طرح طرح کے نظارے نظر آیا کریں گے اور ہر طرح کا خوف دلایا جائے گا۔ عموماً اس عمل میں سب سے پہلے ایک اژدھا نظر آتا ہے جو پھن پھیلا کر حصار کے سامنے کھڑا ہو جاتا ہے اور عامل کو ڈراتا ہے۔ تاکہ عامل عمل چھوڑ کر بھاگ جائے۔ عامل پرلازم ہے کہ وہ کسی قسم کا خوف نہ کھائے کیونکہ یہ صرف نظری دھوکا ہوتا ہے۔ اس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا۔ دل کومضبوط رکھے اوراپنے کام میں مشغول رہے۔ اسی طرح آئے دن خوفناک قسم کی صورتیں نظر آیا کریں گی اور عمل بند کرانے کی بھرپور کوشش کریں گی بس عامل کوچاہئے کہ جو کچھ بھی نظر آئے۔ اس کی طرف ہر گز دھیان نہ دے اور ڈرے نہیں۔ کیونکہ اگر ڈر گیا تو پھرخیرنہیں ہو گی۔ اس لیے بہتر ہے کہ عمل کرنے سے قبل اچھی طر ح سوچ لیناچاہئے کہ میں اس کو کر بھی سکوں گا یا نہیں۔
عمل کے اختتام پر ایک مؤکل حاضر ہو گا۔وہ پوچھے گا کہ مجھے کیوں بلایا ہے۔ بس آپ اس سے کہیں کہ میں دنیاوی امور میں آپ سے مدد لیناچاہتا ہوں۔ وہ کچھ شرائط آپ کو بتائے گا اور کوئی نشانی دے کرغائب ہو جائے گا اور حاضری کا طریقہ بھی بتا دے گا۔
اس عمل میں ڈر خوف بہت آتا ہے۔ اس لیے لازم ہے کہ ایسے لوگ جن کے دل کمزور ہوں اور ڈرپوک ہوں وہ اس عمل کو ہر گز ہر گز نہ کریں۔ عمل شروع کرنے سے قبل کسی مرشد کامل سے اجازت لیں۔ بہتر ہو گا کہ اگر یہ عمل ان کی زیر نگرانی کیاجائے تاکہ رجعت کا خوف نہ رہے۔ دوران عمل جو بھی مشاہدات نظرآئیں، ان کاذکر کسی سے بھی ہر گز نہ کریں اور جووہ نشانی دیں ان کا ذکر بھی کسی سے نہ کریں۔ دوران عمل پرہیز جلالی وجمالی دونوں طرح کا کریں۔
 



Subscribe for Updates

Name:

Email: